ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / مشہور نوائطی شاعر محمد علی پرواز کا انتقال ۔ بھٹکل کے اہل ذوق سوگوار

مشہور نوائطی شاعر محمد علی پرواز کا انتقال ۔ بھٹکل کے اہل ذوق سوگوار

Wed, 12 Apr 2017 19:49:00    S.O. News Service

 بھٹکل12 اپریل ( ایس او نیوز )بھٹکل کے معرو ف نوائطی شاعر  جناب محمد علی پرواز کا آج شام 87سال کی عمر میں بھٹکل میں انتقال  ہوگیا ۔ علی  پرواز کے انتقال  سے اردو اور نوائطی شاعری کی ایک مستحکم آواز خاموش ہو گئی ہے ۔ ان کے انتقال کی وجہ سے بھٹکل کے نوائطی  اور اردو ادب کے  قارئین میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ پرواز صاحب ادھر کئی عرصہ سے اپنی پیرانہ سالی کی وجہ سے  صاحب فراش تھے اور کسی بھی ادبی پروگرام میں  حصہ نہیں لیتے تھے ۔  پرواز صاحب نے اپنی جوانی کے ایام دبئی  میں گزارے اس دوران آپ نے وہاں کی جماعتی سر گرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ آپ  وہاں کی مشہور بن دلموک مسجد میں دو وقت  آذان دینے پر مامور تھے ۔  آپ خوش گلو آواز کے مالک تھے ، نوائطی اور اردو مشاعروں میں اپنی آواز کا جادو  جگاتے تھے ۔  موجودہ سماج کی کمیوں اور خامیوں کو انہوں نے اپنی شاعری کا موضوع بنایا  ۔ ان کی بعض نظمیں انتہائی شاہکار ہیں جن میں بھٹکل کے بعض علاقوں میں  غربت کی وجہ سے تنگ زندگی  گزار رہے  خاندانوں کی صورتحال کی بھر پور عکاسی کی گئی ہے ۔  آپ ایک اچھے خوش نویس بھی تھے ۔ بعض ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق آپ نے اپنے شروع دور میں  ممبئی کے  روزنامہ انقلاب کے لئے اخبار نویسی کا بھی  کام کیا ۔ بھٹکل میں آپ نے نوائطی ادب و شاعری اور تہذیب  کی ترویج کے لئے قائم  نوائط محفل کے ساتھ بھی تعاون کیا ۔ کچھ ہی مہینوں قبل ان کی ادبی خدمات کے اعتراف میں نوائط محفل کی جانب سے  ایک سپاس نامہ پیش کر کے  ان کی شال پوشی کی گئی تھی ۔ اپنی بہت ساری صلاحیتوں کی وجہ پرواز صاحب دیر تک یاد رکھے جائیں گے ۔  ان کے انتقال پر بھٹکل کے اہل ذوق میں  سوگ کا ماحول ہے ۔ ساحل آن لائن ان کے تمام لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے بلندی درجات کے لئے دعا گو ہے ۔ 

 


Share: